بھارت کو کشمیر پر ناجائز قبضے سے دستبردار ہونا پڑیگا،سید صلاح الدین

123

مظفر آباد(صباح نیوز)حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین نے کہا ہے بھارت کو کشمیر پر ناجائز قبضے سے دستبردار ہونا پڑے گا،مٹھی بھر مجاہدین بڑی قوت سے مقابلہ کررہے ہیں ،جذبہ شہادت سے سرشارمجاہدین کا کارنامہ قابل فخر ہے۔ حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین نے اپنے ایک بیان میں یدی پورہ پٹن میں شہید ہونے والے مجاہدین امتیاز احمد عرف معین الاسلام ،شفقت احمد اور حنان بلال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جھڑپ کے دوران بھارتی فوج کا ایک میجرروہت مہراہلاک ہوگیاجبکہ کئی اہلکار زخمی ہوئے۔ سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ مٹھی بھر مجاہدین ٹوٹی پھوٹی بندوقوں سے ایک بڑی قوت کا مقابلہ کررہے ہیںاور ان پر کاری ضربیں لگارہے ہیں، ہمیں ان مجاہدین کے کارناموں پر فخر ہے۔انہوں نے کہا بھارت کشمیر میں سات دہائیوں سے بھی زیادہ عرصے سے اپنے تمام فوجی وسائل آزماچکا ہے لیکن وہ کشمیری
مجاہدین کے اور کشمیری قوم کے دلوں سے جذبہ حریت کو ختم نہیں کرسکا۔شہدا ہمارا قیمتی سرمایہ ہے ان کے لہو کی لاج رکھنا ہماری اولین ذمے داری ہے۔اللہ سے دعا ہے کہ شہدا کی قربانیوں کو اپنی بارہ گاہ میں قبول فرمائے ،ان شا اللہ ان قربانیوں کے نتیجے میں مظلوم کشمیری قوم بھارت کی غلامی سے نجات پائے گی ۔انہوں نے کہا کہ دشمن جان لے ایک دن ضرور آئے گا اسے اپنے ناجائز قبضے سے دستبردار ہونا پڑے گااور تحریک آزادی کشمیر کامیابی سے ہمکنار ہوجائے گی۔