جئے سندھ تحریک کے سابق صدر نے پی پی میں شمولیت اختیار کرلی

58

سکھر (نمائندہ جسارت) جئے سندھ تحریک کے سابق صدر نے پی پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی، صوبائی سطح کے بعد اب ضلع و تعلقوں کی سطح پر بھی دیگر سیاسی جماعتوں کے بعد قوم پرست جماعتوں کی بھی وکٹیں گرانا شروع کردی ہیں۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز پی پی سٹی سکھر کے صدر مشتاق سرھیو کی رہائش گاہ پر ایک شمولیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پی پی کے سابق ڈپٹی میئر سکھر طارق حسین چوہان، پی پی سٹی سکھر کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ارشد مغل، پی پی رہنما سلیم اکبر مہر، غلام مرتضیٰ گھانگھرو، گلزار بھٹو، شفیق احمد پیرزادہ و دیگر عہدیداروں اور کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں جئے سندھ تحریک ضلع سکھر کے سابق صدر ثناء اللہ مہر نے جئے سندھ تحریک کو خیر باد کہہ کر کے پی پی کے مرکزی، صوبائی، ضلعی و سٹی کے قائدین پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے دوستوں کیساتھ شمولیت کا اعلان کیا۔ شمولیت اختیار کرنے پر پی پی سٹی سکھر کے صدر مشتاق سرھیو و دیگر عہدیداروں نے ثناء اللہ مہر کو پارٹی پرچم پیش کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ وہ پی پی کے شہید قائدین کے فکر و فلسفے پر عمل پیرا ہو کر عوام کی بے لوث خدمت کریں گے۔