پاکستان کی سلامتی کے لیے مسلح افواج نے ہمیشہ قربانیاں دیں

68

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو میں یوم دفاع 6 ستمبر کے حوالے سے تقریب، قومی پرچم لہرایا گیا، شہدائے پاکستان کی تصاویر کو سلامی، زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا، لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بیکھا رام نے قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں قومی پرچم اور پاک فوج کے شہداء کی تصاویر کو سلامی دی گئی۔ ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے گئے۔ تقریب کو لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بیکھارام نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے لیے مسلح افواج نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اور مستقبل میں بھی ملک اور قوم کے تحفظ کو یقینی بنائیں گی۔ پاک فوج کے جوانوں نے 1965ء میں جس طرح دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر جام شہادت حاصل کیا اس قربانی کو کبھی بھی نہیں بھولیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ پُرامن ملک ہے، ہم امن کے داعی ہیں مگر دشمن ہمارے امن کے نعرے کو ہماری کمزوری نہ سمجھے، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے۔ اس موقع پر لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سروپ بھاٹیا، پروفیسر ڈاکٹر سہیل احمد عالمانی ودیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب میں ملک، قوم اور فوج کی سلامتی اور خوشحالی کی خصوصی دعا بھی مانگی گئی۔