شہری لاپتہ کیس، ‘وزیر داخلہ پیش نہ ہوئے تو وزیراعظم کو بلائیں گے’

267

اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہری لاپتہ کیس میں وفاقی وزیر داخلہ اور سیکرٹری داخلہ کو طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وزیر داخلہ نہ آئے تو وزیراعظم کو بلائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں شہری عبدالقدوس لاپتہ کیس کی سماعت ہوئی تو جسٹس محسن اختر کیانی نے عدم بازیابی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت میں اسٹیٹ کونسل حسنین حیدر تھہیم جے آئی ٹی کے سربراہ ایس پی انویسٹی گیشن ملک نعیم کے ہمراہ پیش ہوئے، ایس پی انویسٹی گیشن ملک نعیم نے عدالت کو بتایا کہ 50 لاپتہ افراد کی جے آئی ٹی کی سربراہی میں کر رہا ہوں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت اور پولیس شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہوگئی ہےجب اسلام آباد پولیس ناکام ہوچکی ہے تو کیا سندھ پولیس سے تفتیش کروائیں؟ گرین نمبر پلیٹ کی گاڑیوں میں شہری اغوا ہو رہا ہیں۔

عدالت نے شہری کی بازیابی نہ ہونے پر میں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور سیکرٹری داخلہ کو طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وزیر داخلہ نہ آئے تو وزیراعظم کو بلائیں گے جب کہ اٹارنی جنر ل کو بھی پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 16 ستمبر تک کے لیے ملتوی کردی۔