حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد کے بیشتر علاقوں میں کئی روز گزر جانے کے باوجود برساتی اور سیوریج کے پانی کی نکاسی کا کام مکمل نہیں ہوا، علاقہ مکین شدید اذیت سے دوچار، شہر تعفن زدہ ہوگیا، مچھروں اور مکھیوں کی یلغار، گیسٹرو سمیت دیگر امراض پھیلنے لگے۔ حیدر آباد میں بارش کو بند ہوئے کئی روز گزر گئے ہیں لیکن تاحال شہر کے سوائے چند ایک سڑکوں کے تمام سڑکوں پر پانی، کیچڑ اور گندگی موجود ہے جبکہ مہر علی ہاؤسنگ سوسائٹی، لطیف آباد نمبر 11، ٹنڈو یوسف، گجراتی پاڑہ، امریکن کوارٹرز، ریلوے کوارٹر، حالی روڈ، مکرانی پاڑہ، یونٹ نمبر 7 شاہ لطیف ڈیری، یونٹ نمبر 12 اور 8 کا مین روڈ ، یونٹ نمبر 10 سمیت گلی محلے گندے پانی اور غلاظت سے بھرے ہوئے ہیں، کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے نمائشی صفائی مہم چلائی گئی۔ شہر کے یہ علاقے تعفن زدہ ہوگئے۔ اربن اسپتال یونٹ نمبر 11 کے قریب سے گزرنا محال ہوگیا ہے۔ شہر کی سبزی منڈی کیچڑ اور غلاظت کا ڈھیر بنی ہوئی ہے۔ گندگی کے باعث شہر میں مچھر اور مکھیوں کی یلغار ہے، جس سے گیسٹرو سمیت دیگر بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے اور نہ صرف سرکاری بلکہ نجی اسپتال اور کلینک پر مریضوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ شہریوں نے فوری طور پر صفائی مہم چلانے کے علاوہ سڑکوں کی مرمت کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔