کمر درد اور اُس کا علاج

736

موضوع کی طرف آنے سے پہلے یہ بات جان لینا ضروری ہے کہ ”درد“ اصل میں جسم کا تنبیہی نظام ہے جو اضافی زخم سے بچانے پر مرکوز ہوتا ہے۔ یہ دراصل اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ جسم کے اندر یا باہر بیماری یا لاعلمی کی وجہ سے کوئی زخم واقع ہو چکا ہے۔ تاہم اگر درد زیادہ دیر تک رہے تو اس کو سنجیدگی سے لے کر کسی ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کرنا چاہئے۔

ہمارے ہاں آج کل سب سے زیادہ جس درد کا مسئلہ لوگوں کو درپیش ہے وہ کمر درد ہے۔ عمر کے ابتدائی حصے میں 16 سے 25 سال کی عمر میں جو درد واقع ہوتا ہے وہ عموماً( Mechanical) ہوتا ہے جو ہماری لاعلمی، ٹھیک طرح سے نہ بیٹھنے، دفتر میں سارا سارا دن بیٹھنے رہنے، لانگ ڈرائیو، تکلیف دہ بستر اور دیگر وجوہات کی بنا پر ہوتا ہے۔

درد کی دوسری قسم وہ ہے جو عمر کے آخری حصے میں کمر کی ہڈیوں میں Degenerative changes اور ہڈیوں کے بھربھرے پن کی وجہ سے ہوتا ہے اس درد کو Spondylitus کہتے ہیں دونوں طرح کے درد کا بہترین علاج فزیو تھراپی ہے۔

یوں تو کمر درد کئی صورتوں میں خود بہ خود ٹھیک ہو جاتاہے لیکن جن مریضوں کا کمر درد ٹھیک نہیں ہوتا، انہیں اس مسئلے کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے اور جلد از جلد کسی فزیو تھراپی سینٹر سے رابطہ کرنا چاہئے۔

کمر درد کے علاج کے لئے فزیو تھراپی کے مختلف طریقوں کو آزمایا جاتا ہے جن میں ورزش کا طریقہ سب سے زیادہ قابل اعتماد ہے۔ اس کے علاوہ جدید طرز کی مشینوں سے جن میں الٹراسونک تھراپی، لیزر، ٹینس، بائیوفیڈبیک اور کمر کی بافتوں کو کھینچنے کے لئے ٹریکشن اورمینول ٹکنیکس وغیرہ شامل ہیں، خدمات لی جاتی ہیں۔