جنسی تشدد کے واقعات میں اضافے کا سبب میڈیا حیا باختہ پروگرامات کی بھر مار ہے

21

فیصل آباد(وقائع نگار خوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدرچودھری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشد محمود ، نائب صدر محمدفاروق ، سلیم انصاری ، فیصل خلیجی،احسان الٰہی ظہیراوردیگر رہنمائوں نے کہا ہے کہ فحاشی اور عریانی کے کلچر کو ختم کیے بغیر جنسی تشدد کے واقعات رونما ہونا فطری عمل ہے۔ پیمرا کی جانب سے میڈیا کے لیے بنائے گئے اصول و ضوابط ایک اسلامی مملکت کے شایان شان تھے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ قواعد وضوابط محض کاغذات کی زینت بن کر رہ گئے جنسی تشدد کے واقعات میں اضافے کا سبب میڈیا حیا باختہ پروگرامات کی بھر مار ہے۔ پیمرا کے ضابطہ اخلاق کے خلاف میڈیا پر حیاء باختہ پروگرامات پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔انہوں نے کہا کہ جنسی تشدد پر سخت سزائوں پر عمل درآمد میں رکاوٹ بننے والے مجرمانہ کی پشتی بانی کا کردار ادا کررہے ہیں۔اسلامی شرعی قوانین میں صرف اور صرف بھلائی ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے زینب الرٹ بل میں جنسی درندوں کو سزائے موت دینے کی ترمیم پیش کی تھی۔ مگر بد قسمتی سے تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے ہی اس قانون کو منظور نہیں ہونے دیا اگر بل پاس ہوا ہوتا تو آج موٹر وے والا واقعہ رونما نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی ریاست کے قیام کیلیے جدوجہد کررہی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ملک میں اللہ اور اس کے رسول کے نظام کو نافذ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے اقدامات کو یقینی بنائے گی جو عوام کی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھالنے میں معاون ثابت ہوں۔ ملک و قوم کے مسائل کا واحد حل قرآن و سنت کے نظام میں پوشیدہ ہے۔