کھیل کے میدان میں ہیلی پیڈ، گورنمنٹ کامرس کالج کے اساتذہ کا احتجاج

407

کراچی میں کامرس کے سب سے بڑے سرکاری تعلیمی ادارے گورنمنٹ کالج آف کامرس اینڈ اکنامکس کے اساتذہ نے رینجرز کی جانب سے کالج سے متصل کھیل کے میدان کو استعمال کرنے پر احتجاج  کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کالج اساتذہ پرنسپل شہزاد مسلم کی قیادت میں  طلبا کے لیے مختص کھیل کے گراؤنڈ کو بچانے کے لیے میدان میں آگئے،  اساتذہ احتجاجاً میدان میں بیٹھے رہے اور دروازہ لگا کر میدان کو رینجرز کے لیے استعمال کرنےسے انکار کردیا۔

اساتذہ نے کہا کہ وہ دروازہ لگا کر میدان کو رینجرز کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے، کھیل کے گراؤنڈ سے دیوار پر دروازہ لگا کر استعمال کرنا غیر قانونی ہے رینجرز حکام گراؤنڈ میں ہیلی پیڈ بنانے کے خواہشمند ہے۔

پرنسپل شہزاد مسلم نے کہا کہ کسی کو میدان پر قبضے کی اجازت نہیں دے سکتے، کھیل کے میدان کو کسی اور سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں کرنے دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کالج سے متصل کھیل کاوسیع میدان ہے جہاں کالج کے طلبہ کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد کرتے ہیں ۔ریڈ زون میں گورنر اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے قریب ہونے کی وجہ سے گراؤنڈ کو ہائی پروفائل شخصیات کی آمد کے موقع پر  ہیلی پیڈ کے لیے استعمال بھی کیا جاتا رہا ہے۔