بجلی صارفین کو دو دھاری تلوار سے کاٹا جارہا ہے، آصف رضا

38

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) نیشنل پریس کلب ٹنڈوالہٰیار کے صدر آصف رضا خانزادہ نے بجلی کے ستائے ہوئے لوگوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بجلی کے صارفین کو دو دھاری تلوار سے کاٹا جارہا ہے۔ ایک طرف تو بجلی انتہائی مہنگی کرنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دوسری طرف اوور بلنگ کے ذریعے انہیں مسلسل لوٹا جارہا ہے، جس نے ان کی کمر توڑ دی ہے۔ حکومت بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں کی لوٹ مار کا فوری نوٹس لے کر اس سلسلے کو روکے۔ بجلی کا شعبہ روزانہ 1 ارب سے زیادہ کا نقصان کررہا ہے، جس میں بڑا حصہ چوری کا ہوتا ہے۔ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیاں اپنا نظام بہتر بنانے اور چوری و دیگر نقصانات روکنے کے بجائے نقصانات کم کرنے کے لیے اوور بلنگ کا حربہ اختیار کرتی ہیں، جس سے عوام پر بوجھ بڑھتا ہے جبکہ کاروباری شعبے اپنی پیداوار اور خدمات کی قیمت بڑھا نے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ کاروباری برادری کے لیے پاکستان میں علاقائی ممالک کے برابر قیمت پر بجلی کا حصول ایک خواب بن گیا ہے، جس پر کبھی عمل درآمد نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی منفی پالیسی سے نہ صرف حکومت کا اصلاحاتی ایجنڈا متاثر ہورہا ہے بلکہ اس سے قوم اور معیشت بھی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔