ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) ضلع میں جرائم کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ، نامعلوم افراد موٹر سائیکل چوری کر کے فرار، راحب پاڑے میں چار لاکھ کی چوری، خواجہ موبائل مارکیٹ میں دکانوں کے تالے توڑ دیے گئے، پولیس اور انتظامیہ چوروں کے نیٹ ورک کو توڑنے میں تاحال ناکام، چوروں نے اپنی وارداتوں میں اضافہ کردیا ہے، شہری پریشان، شہر کا امن خطرے میں، سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماﺅں کا ایس ایس پی ٹنڈوالہٰیار سے نیٹ ورک کے کارندوں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ۔ ضلع ٹنڈوالہٰیار میں جہاں سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آرہی ہے وہاں چوروں نے بھی اپنی وارداتوں میں تیزی پیدا کردی، دو یوم میں دو موٹر سائیکل چور چرا لے گئے۔ سٹی ٹنڈوالہٰیار میں موج دریا روڈ پر اے ڈی سوئیٹ کی دکان کے باہر کھڑی زبیر قائم خانی کی سی ڈی 70 موٹر سائیکل کو نامعلوم چور چرا کر لے گئے جبکہ پیارو لونڈ میں نامعلوم افراد ایک موٹر سائیکل چوری کر کے فرار ہوگئے جبکہ ٹنڈوالہٰیار سٹی میں راحب پاڑے میں شرف الدین میمن کے گھر میں رات کی تاریخی میں نامعلوم تین افراد نے داخل ہو کر طلائی زیورات سمیت قیمتی سامان چوری کر کے فرار ہوگئے۔ اہل خانہ کے مطابق گھر میں ہو نے والی چوری میں کم و بیش چار لاکھ روپے کا سامان چوری ہوا ہے جبکہ تھانہ سیکشن اے میں واقع خواجہ موبائل مارکیٹ میں نامعلوم چوروں نے تین دکانوں کے تالے توڑ کر چوری کرنے کی کوشش کی، شور ہونے کے سبب چور چوری کرنے میں ناکام رہے۔ ٹنڈوالہٰیار سٹی میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماﺅں جماعت اسلامی کے محمد یونس قائم خانی، پاکستان راہ حق پارٹی کے سید سکندر شاہ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما سید عبدالغفور شاہ نے شہر ودیہی علاقوں میں ہو نے والی چوری کی واردات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی ٹنڈوالہٰیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے امن کو بحال کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے چوروں کے نیٹ ورک کے کارندوں کو فوری گرفتار کرکے ضلع کا امن بحال کریں۔