تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے خیبرپختونخوا میں دوبارہ بلدیاتی انتخابات کرانے کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سیاسی جماعتیں کہیں گی تو وہ فوج کی نگرانی میں دوبارہ الیکشن کرانے کو تیار ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات سن کر بہت افسوس ہوا، ہماری اتحادی جماعت سمیت دیگر پارٹیوں نے دھاندلی کے الزمات عائد کیے جو افسوسناک ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ملکی تاریخ میں اتنے بڑے الیکشن نہیں ہوئے، پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنے بڑے پیمانے پر بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے جتنے بڑے خیبرپختونخوا میں ہوئے۔ اگر بلدیاتی انتخابات میں بدنظمی ہوئی ہے تو اسے اپنی ذمہ داری قبول کرنی چاہیئے۔ عام انتخابات میں ایک ووٹر کو دو ووٹ ڈالنے تھے لیکن بلدیاتی انتخابات میں ایک ووٹر کو 7 ووٹ ڈالنا تھے، اس لئے انہیں وقت ہی نہیں ملا جس کی وجہ سے بد نظمی ہوئی۔