کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور دیگر واقعات میں بچے سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ ضلع قلعہ عبداللہ میں کوئٹہ چمن شاہراہ کے قریب خانہ بدوشوں کے دو گروہوں میں تصادم ہوا ، لڑائی جھگڑے اور اور فائرنگ کے دوران دو افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے، لیویز کے مطابق فائرنگ میں جاں بحق افراد جھگڑا ختم کروانے کے لیے آرہے تھے، دو گروہوں میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران جاں بحق ہوگئے، جاں بحق افراد کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ کوئٹہ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ چمن ہائوسنگ اسکیم میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 32 سالہ موسیٰ نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے بعد لاش کو ضروری کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا۔ ضلع نوشکی میں نومولود جاںبحق ہوگیا، لواحقین نے الزام لگایا کہ نوشکی سول اسپتال میں ڈاکٹروں کی عدم دلچپسی اور غفلت کی وجہ سے نومولود بچے کو بروقت آکسیجن نہیں ملی، جس کی وجہ سے وہ دم توڑ گیا۔ واقعے کیخلاف اہل خانہ اور لواحقین نے بچے کی میت کے ہمراہ سول اسپتال کے سامنے احتجاج کیا۔