ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) ایڈمنسٹریٹر ندیم الرحمن میمن نے کہا کہ ضلع عمرکوٹ میں صفائی ستھرائی، گندے پانی کی نکاسی، مچھر مار اسپرے اور کتا مار مہم کے عمل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع عمرکوٹ میں سیلاب اور بارشوں کی وجہ سے مچھروں کی افزائش میں کافی اضافہ ہوا ہے، جس کے خاتمے کے لیے متعلقہ ایڈمنسٹریٹر اپنے علاقوں میں مچھر مار اسپرے اور پانی کو بیماریوں سے پاک رکھنے کے لیے ادویات کا استعمال کریں۔ انہوں نے تمام ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت کی کہ اپنی ڈیوٹیوں کو احسن طریقے سے نبھائیں اور شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے یونین کونسل کے ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت کی کہ جن یونین کونسل میں مچھر مار مشین یا ادویات موجود نہیں وہاں ادویات خرید کرکے مچھر مار اسپرے کروایا جائے اور اس کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر فرا ہم کی جائے۔ اس موقع پر انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اللہ داد کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی موبائل ٹیمیں فیلڈ میں بھیجی جائیں اور مچھر مار مہم چلائی جائے۔ انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر گنیش کھتری کو ہدایت کی کہ ضلع عمرکوٹ میں سیلاب اور بارشوں کے دوران ہلاک ہونے والے جانوروں کے اعداد و شمار فراہم کیے جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر جانوروں کو کی جانے والی ویکسینیشن کی رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے ایکسی این پبلک ہیلتھ انجینئرنگ منصور کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عمرکوٹ کے تمام شہروں میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بلاول کنبھر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کے تمام اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ کروائی جائے اور سختی سے ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جائے۔