پشاور (اے پی پی) خیبر پختونخوا میں2 نئے وزرا کو قلمدان سونپ دیے گئے‘ شہرام ترکئی کو تعلیم اور انور زیب کو زکوٰۃ وعشرکا محکمہ دیا گیا ہے‘ کامران بنگش سے بلدیات کا محکمہ لے کر اکبر ایوب کو محکمے کا نیا وزیر بنایا گیا ہے‘ خلیق الرحمن کابینہ میں مشیر برائے خوراک ہوں گے جبکہ قلندر لودھی کو وزیر مال بنا دیا گیا۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق کابینہ میں ردبدل بھی کی گئی ہے‘ محکمہ بلدیات لے کر کامران بنگش کو اعلیٰ تعلیم کا محکمہ دیا گیا‘ وزیر تعلیم اکبر ایوب اب وزیر برائے بلدیات ہوںگے‘ اسی طرح مشیر برائے اعلیٰ تعلیم خلیق الرحمن کو محکمہ خوراک کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے‘ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے معاون خصوصی ریاض خان کو سی اینڈ ڈبلیوکا محکمہ دیا گیا ہے ۔کابینہ کے وزرا کی تعداد 14ہوگئی ہے۔