لاہور موٹروے واقعہ: پولیس اب تک ملزم عابد کو گرفتار نہ کرسکی

236

لاہور گجر پورہ موٹروے پر خاتون زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد ابھی تک قانون کے شکنجے میں نہ آسکا.  

تفصیلات کے مطابق لاہور گجر پورہ موٹروے پر خاتون سے زیادتی کا مرکزی ملزم عابد پولیس کے لیے درد سر بن گیا، گیارہ روز گزرجانے کے باوجود پولیس اب تک عابد کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے.

ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس نے شیخوپورہ، قصور اور ننکانی صاحب کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرچکی ہے اور عابد کی مختلف روپ میں تین تصاویر بھی جاری کردی ہیں.

دوسری جانب پولیس کے مطابق ملزم عابد کے دو کزن، ایک خاتون اور دو عزیزوں کو پولیس نے گرفتار کیا جن کا دو روز قبل عابد سے رابطہ ہوا تھا۔ زیر حراست افراد کو قصور سے لاہور نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش کی جائے گی۔

پولیس کے مطابق ملزم کی بیوی کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، خاتون مرکزی ملزم کے ساتھ شیخوپورہ کے گاؤں قلعہ ستار شاہ سے فرار ہوگئی تھی، گرفتاری کے بعد ملزم کی بیوی نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ عابد کافی پریشان دکھائی دے رہا تھا اور اس واقعے کے بارے میں مجھے نہیں بتایا لیکن عابد کی جب شناخت ہوئی تو وہ فرار ہو گیا۔