ترکی نے کراچی کی دو مصروف شاہراہوں پر ٹرام سروس کی بحالی میں مدد کی پیشکش کردی

459

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ترکی کی حکومت کراچی میں ایم اے جناح روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ پر ٹرام سروس چلانے میں پاکستانی حکومت کی مدد کرے گی۔

ترکی کے قونصل جنرل تولگا یوک (Mr. Tolga Ucak)نے گزشتہ روز بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر کے دورے کے موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی سے ملاقات کے دوران ایم اے جناح روڈ پر نمائش تا ٹاور جبکہ آئی آئی چندریگر روڈ پر شاہین کمپلیکس تا ٹاور ٹرام سروس چلانے پر تعاون کی پیش کش کی ہے۔

اس سے کراچی کے شہریوں کو ایک بار پھر جدید اور بہتر ٹرانسپورٹ کی سہولت حاصل ہوگی، دنیا بھر میں ٹرام ماس ٹرانزٹ سسٹم کا اہم حصہ شمار ہوتی ہیں جن کے ذریعے بڑے شہروں میں ایک جگہ سے دوسری جگہ سفر میں خاصی سہولت ملتی ہے اور وقت اور ایندھن کی بچت بھی ہوتی ہے۔

ترکی کا اہم شہر استنبول اپنی منفرد ٹرام سروس کے حوالے سے شہرت رکھتا ہے اور اس اقدام سے استنبول کی طرز پر کراچی کو خطے میں سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے میں مدد ملے گی، ملاقات میں ترک قونصل خانے کے کمرشل اتاشی ایوب یلدرم (Mr. Eyyup Yildrim)بھی موجود تھے۔کراچی میں ٹرام سروس چلانے کے حوالے سے بھرپور تعاون کی پیشکش پر ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے ترکی کی حکومت اور قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا۔

شہر میں کم خرچ اور تیز رفتار ٹرانسپورٹ کی ضرورت کے پیش نظر ابتدائی طور پر شہر کی دو انتہائی مصروف شاہراہوں ایم اے جناح روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ پر ٹرام سروس متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا جس پر مزید غور و خوض کے بعد مزید کارروائی عمل میں آئے گی۔

ترکی کے قونصل جنرل نے کراچی میں موجود لائبریریوں کو بہتر بنانے اور انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے میں معاونت فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی، انہوں نے کہا کہ ترکی کی حکومت اس سلسلے میں بھرپور تعاون کرے گی۔

قبل ازیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر آمد پر ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے ترکی کے قونصل جنرل کو خوش آمدید کہا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ترک قونصل جنرل نے ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی کو ان کی تعیناتی پر مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا،ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا کہ ترکی ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور پاکستان سے اس کے تعلقات مثالی ہیں۔

کراچی میں ٹرام سروس چلانے میں مدد اور کراچی کی لائبریریوں کو بہتر بنانے میں تعاون کی پیشکش پر میں ترکی کی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان بھی کراچی میں ٹرام سروس چلانے کے احکامات دے چکی ہے اور کراچی میں ٹرام سروس دوبارہ چلنے سے اس شہر کی تاریخی حیثیت بحال ہوگی۔

کراچی کو استنبول شہر کی طرح سیاحتی شہر بنانے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں ہم برادر اسلامی ملک ترکی کے تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا کہ برادر اسلامی ملک ترکی نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے اور پاکستانی عوام ترکی کی دوستی کو بے حد اہمیت دیتے ہیں۔

کراچی پاکستان کا دل ہے اور کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے لہٰذا کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں ترکی اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کے تعاون اور مدد کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔