شجرکاری سے ماحول کو صحت افزاء بنانے میں مدد ملتی ہے، عباس بلوچ

91

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر حیدر آباد محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ شجرکاری سے ماحول کو صحت افزاء بنانے میں مدد ملتی ہے جبکہ شہری ماحول کو آلودگی سے پاک و صاف رکھنے اور لوگوں کی صحت کو بہتر بنانے میں درختوں کا اہم کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں شجرکاری مہم کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر سید سجاد حیدر، ڈپٹی کمشنر حیدر آباد فواد غفار سومرو، چیف کنزرویٹر فاریسٹ حبیب اللہ نظامانی، ایڈمنسٹریٹر حیدر آباد صفدر بگھیو، اسسٹنٹ کمشنر قاسم آباد گدا حسین سومرو، اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد اشتیاق علی منگی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی عامر جتوئی و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر حیدر آباد محمد عباس بلوچ نے محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شجرکاری مہم کے لیے ڈسٹرکٹ کے مختلف مقامات اور پارکس کی نشاندھی کرے، جن پر بہتر طریقے سے شجرکاری کی جائے جبکہ اس کی دیکھ بھال کو بھی ممکن بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو مزید ہدایت دی کہ وہ اس ضمن میں عوامی آگاہی پیدا کرنے کے بھی اقدامات کریں تاکہ لوگ شجرکاری مہم میں حصہ لیں۔