اے پی سی کرپشن بچانے کے لیے ہے، عثمان بزدار

90

لاہور (اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ اے پی سی کے نام پر اپنے اپنے مفادات اور لوٹ مار کی دولت کو تحفظ دینے کا اکٹھ ہو رہا ہے اور اپوزیشن جماعتوں کی یہ بیٹھک عوام کے لیے نہیں بلکہ اپنی کرپشن بچانے کے لیے ہے کیونکہ اپوزیشن کے پاس عوام کی فلاح و بہبود کا کوئی ایجنڈا نہیں اور اپوزیشن رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا کہ عوام کے مسترد شدہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں‘ پاکستان کے باشعور عوام جانتے ہیں کہ ماضی میں انہی جماعتوں نے ملکی دولت کو لوٹا اور معیشت کو تباہ کیا اور اپنے سابق ادوار میں پاکستان کی ترقی و عوام کی خوشحالی کا سفرکھوٹا کرنے والے عناصر اب اے پی سی کا ڈرامہ رچا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اے پی سی کا ڈھنڈورا پیٹنے والے اپوزیشن رہنما ایک دوسرے کے ساتھ مخلص نہیں ‘ اپوزیشن جماعتوں کو پہلے بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اوریہ اے پی سی بھی ناکام رہے گی۔