سول اسپتال کو بند کرنے کی سازش کی جارہی ہے، عادل کھوسو

88

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد سول اسپتال کے ڈاکٹر جمس بھیجنے کیخلاف پی ایم اے، ینگ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکس کا احتجاج، دو گھنٹے کی ٹوکن ہڑتال، سول اسپتال کو بند کرنے کی سازش کی جارہی ہے، جو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، احتجاج جاری رہے گا، مظاہرین کا خطاب۔ جیکب آباد سول اسپتال کے 19 ڈاکٹروں کو جمس اسپتال کام کرنے کے سیکرٹری کے احکامات کیخلاف پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کی جانب سے سخت احتجاج کیا گیا جس میں محکمہ صحت کے ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مطالبات کے حق میں نعرے لگائے اسپتال میں دو گھنٹے کی ٹوکن ہڑتال بھی کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر عادل کھوسو، ڈاکٹر طفیل، ڈاکٹر غزالہ قریشی، ڈاکٹر صبغت اللہ سومرو، اسلم رجا گل، یار محمد مغیری اور دیگر نے کہا کہ سول اسپتال کو بند کرنے کی سازش کی جارہی ہے جو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ سول اسپتال کے ڈاکٹروں کو جمس بھیجنے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تینوں تحصیلوں سے جمس بھیجے گئے ڈاکٹروں کو واپس بھیج کر اسپتال کے شعبوں کو فعال کیا جائے اور جمس اسپتال میں ایمرجنسی شروع کی جائے بصورت دیگر مطالبات کے حل تک احتجاج جاری رہے گا۔