پی آئی اے کے کرایوں میں ہوشربا اضافہ، مسافر پریشان

291

قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے سعودی عرب کے لیے کرایوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا۔

سعودی عرب جانب والے مسافروں کے لیے نئی مشکل آ گئی، پی آئی اے نے کرایوں میں اچانک بڑا اضافہ کر دیا۔ کراچی سے جدہ ، مدینہ یا دمام کیلئے یک طرفہ کرایہ ایک لاکھ ستائیس ہزار روپے کردیا گیا جب کہ لاہور ، اسلام آباد یا پشاور سے جدہ اور مدینہ کا کرایہ ایک لاکھ تینتیس ہزار کردیا گیا۔

لاہور اسلام آباد یا پشاور سے ریاض اور دمام کا یک طرفہ کرایہ ایک لاکھ اکتیس ہزار تک جا پہنچا۔ اس سے پہلے پاکستان سے سعودی عرب کا کرایہ چوراسی ہزار تھا۔

پی آئی اے کے بعد نجی ایئرلائنز نے بھی من مانا اضافہ کر دیا ہے، ایک جانب ایئربیلو کی پرواز منسوخ کی گئی تو دوسری جانب کرایوں میں بے پناہ اضافہ کر کے مسافروں کی مشکلات میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کا کہنا ہے کہ کرایوں میں اضافہ  سعودی عرب کی جانب سے ایس او پیز کے تحت پرواز میں 25 فیصد نشستیں خالی چھوڑنے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پی آئی اے آج سے سعودی عرب کے لیے 13 پروازیں آپریٹ کرے گی۔رش کی وجہ سے پی آئی اے نے 28 پروازیں آپریٹ کرنے کی استدعا کی تھی تاہم فی الحال 13 پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔