لسبیلہ (نمائندہ جسارت)پاکستان کوسٹ گارڈز کی اسمگلنگ کے خلاف مختلف کارروائیوں جس میں ہیروئن،ایرانی ڈیزل،چھالیہ،انڈین گٹکا، ٹائر،اسٹک ،غیر ملکی سگریٹ،موبائل و ٹیبلٹ اور متفرق اشیا برآمد، مقدمہ درج۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈزنے غیر قانونی کاروبار/ اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے غیر قانونی کاروباری سر گرمیوں کو روکا ہے ۔ اس سلسلے میں پچھلے دو ہفتے میں کی گئی کارروائیوں کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔موبائل گشت کے دورا ن وندرشہر کے قریب جھاڑیوں میں چھپائی گئی 3 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر مختلف گاڑیوں کی تلاشی کے دوران 950 کلو گرام چھالیہ،3,302 پیکٹ انڈین گٹکا،92 عدد ٹائر،1,659 اسٹک غیرملکی سگریٹ اور متفرق اشیا برآمد کر لی گئیں ۔ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر دوران چیکنگ مسافر کوچ سے 196 موبائل فون اور 16 موبائل ٹیبلٹ برآمد کر لیے ۔موبائل گشت کے دورا ن وندر شہر کے قریب ڈام کے علاقے سے غیر قانو نی طریقے سے چھپایا گیا 1,25,200 لیٹرایرانی ڈیزل برآمدکر لیا گیا۔ تمام اسمگل کی جانے والی منشیات،ہیروئن، چھالیہ،ایرانی ڈیزل اور متفرق اشیا کو پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی جا ری رکھی ہوئی ہے۔پکڑی جانے والی منشیات، چھالیہ،ایرانی ڈیزل اور متفرق اشیا کی مالیت تقریباً 112ملین روپے کے لگ بھگ ہے۔پاکستان کوسٹ گارڈز اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تا کہ وطنِ عزیز کو اس لعنت سے نجات دلائی جا سکے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔