دشمن کے عزائم خاک میں ملانے کی مکمل صلاحیت ہے ، آرمی چیف

144
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جہلم کے قریب فیلڈ فائرنگ رینج  کے دورے کے دوران جدید ٹینک کی کارکردگی کا معائنہ کررہے ہیں

 

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج کے سربراہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سلامتی، خود مختاری اور سالمیت کے خلاف کسی بھی خطرے کا مؤثر جواب دینے کیلیے تیار ہیں۔دشمن کے عزائم خاک میں ملانے کی مکمل صلاحیت ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جہلم کے قریب فائرنگ رینج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چینی ساختہ ٹینک وی ٹی 4 کے جنگی مہارت کا مشاہدہ کیا اورٹینک کی جنگی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج ابھرتے ہوئے چیلنجوں اور علاقائی خطرات سے نمٹنے کیلیے تیار ہے۔ ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی
چیلنجوں کی طرف پوری طرح توجہ مرکوز ہے، پاکستان کی سلامتی،خود مختاری اور سالمیت کے خلاف کسی بھی خطرے کا مؤثر جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اورآپریشنل تیاریوں کوسراہا، جدید جنگی چیلنجزسے متعلق جوانوں کی اعلیٰ تربیت کے معیارکوبھی سراہا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چائنیز اوریجن کے تھرڈ جنریشن مین بیٹل ٹینک ’وی ٹی فور‘ کو اسٹرائیک فارمیشنز میں شمولیت کے بعد دشمن پرحملوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمر پروٹیکشن، فائر پاور اور ٹیکنالوجی کے حوالے سے ’وی ٹی فور‘ کا موازنہ دنیا میں کسی بھی جدید ٹینک سے کیا جا سکتا ہے۔ وی ٹی فور آرمڈ کور میں الخالد ون کے بعد ایک اور اضافہ ہے۔