دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں

39

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈیولپمنٹ سندھ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن سجاد میمن کا کہنا ہے کورونا بحران سے نبردآزما ہونے کے لیے این سی ایچ ڈی پاکستان نے مو¿ثر کردار ادا کیا ہے، دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں، کورونا پاکستانی قوم کے لیے کٹھن اور مشکل وقت تھا، اللہ تعالیٰ بحرانوں سے نمٹنے کے لیے اداروں کو ایک دوسرے سے بڑھ کر کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این سی ایچ ڈی آفس لاڑکانہ میں ڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی ایاز شیخ کی زیر صدارت اجلاس میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی سندھ عطا ڈاہری، عنایت عباسی، وحید میمن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ سجاد میمن کا کہنا تھا انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) کے تعاون سے این سی ایچ ڈی کے زیر اہتمام سندھ بھر کے 10 مختلف اضلاع لاڑکانہ، کراچی، سکھر، عمرکوٹ، قنبر شہدادکوٹ، کندھکوٹ کشمور، شہید بے نظیر آباد، سانگھڑ، میرپور خاص اور ٹنڈو محمد خان اضلاع کا انتخاب کرتے ہوئے کورونا لاک ڈاﺅن کے دوران لوگوں خصوصاً ان کے بچوں پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں ہر ضلع کے اربن و رورل علاقوں کے چار سو اور مجموعی طور پر 4 ہزار افراد سے تفصیلی سروے کیا گیا۔ اس سروے کا بنیادی مقصد مستقل میں منصوبہ بندی کرنا مقصود ہے۔ سروے میں سوال کیے گئے کہ 6 ماہ تک لاک ڈاﺅن میں تعطیلات کے دوران والدین نے اپنے بچوں کو تعلیم کی فراہمی کے لیے جدید آلات آن لائن کلاسز اور ذرائع ابلاغ سے استفادہ کیا یا نہیں؟ دوران کورونا وبا فوڈ سیکورٹی کی کون سی اقسام کھانے میں استعمال کی گئیں۔ لاک ڈاﺅن کے دوران والدین اور بچوں کی سرگرمیاں کیا رہیں اور زندگیوں پر کیا منفی اثرات مرتب ہوئے، گھر ذاتی تھا یا کرائے کا اور گھریلو تحفظ اور رہائش کے حوالے سے بھی سوالات شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ این سی ایچ ڈی لاڑکانہ ٹیم سمیت سندھ بھر کے عملے نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس پر وہ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہیں۔