ٹنڈو محمد خان، تھیلیسیمیا اور کینسر کے بچوں کے لیے بلڈ کیمپ

100

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) راہ منزل اور ریجنل بلڈ سینٹر کی جانب سے ٹنڈو محمد خان میں تھیلیسیمیا اور کینسر کے بچوں کے لیے بلڈ کیمپ کا انعقاد، سماجی، سیاسی شخصیات پیر احمد جان سرہندی، اعجاز شاہ ایم پی اے اور حق سچ فلاحی تنظیم، ای ایس ایم فاؤنڈیشن اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے خون کے عطیات دینے کے لیے شرکت کی۔ اس موقع پر بانی صدر رائے منزل مہوش خان کا کہنا تھا کہ ہمارا یہ چھوٹا سا قدم تھیلیسیمیا اور کینسر کے بچوں کی بیماری ختم کرنے میں اہم ثابت ہوگا۔ بلڈ کیمپ کا مقصد لوگوں میں تھیلیسیمیا اور کینسر میں مبتلا مریضوں سے اظہار ہمدردی کرنا ہے دیگر ٹیم ممبرز پیر جمال سرہندی، شاہزیب، صدام پلی، شہباز اور حسن کا کہنا تھا کہ ہم نوجوانوں میں شعور بیدار کررہے ہیں کہ وہ آگے سے آگے آئیں اور تھیلیسیمیا اور کینسر کے بچوں کی اس بیماری کو ختم کرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔ اس موقع پر متانت حسین کا کہنا تھا کہ اس طرح کے بلڈ کیمپ تھیلیسیمیا اور کینسر میں مبتلا بچوں کے لیے بڑا اقدام ہے، پاکستان میں خون کا عطیہ کرنے والوں کی شرح 0.3 فیصد ہے، ہم اس طرح کے کیمپ کا انعقاد کرکے معاشرے میں خون کا عطیہ کرنے کے لیے لوگوں میں زیادہ سے زیادہ شعور بیدار کرسکتے ہیں۔