حکومت کے پاس عوام کے مسائل کا کوئی حل موجود نہیں ، عمر فاروق

154

 

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی یوتھ پی پی 113 کے علاقہ مقصود آباد میں نومنتخب عہدیداران اور ممبران کی تقریب حلف برداری کا انعقاد، ضلعی صدر چودھری عمر فاروق گجر، زونل صدر محمد طاہر، جنرل سیکرٹری محمد بلال اور دیگر نے تقریب میں شرکت کی۔ جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر نے نومنتخب عہدیداران اور ممبران سے حلف لیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمر فاروق گجر نے کہا کہ جے آئی یوتھ جماعت اسلامی کا ہراول دستہ ہے، آئندہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کی ہدایت پر بلدیاتی حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کریں گے، ملک کے حالات بہت ابتر ہوچکے ہیں، جس گریٹ گیم کی باتیں سنتے تھے وہ اب کھل کر سامنے آچکا ہے۔ جمہوریت کے نام پر ملک پر 73 سال سے آمریت مسلط ہے۔ پی ٹی آئی حکومت بھی عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی۔ عمران خان حکومت سے لوگوں نے جو توقعات لگائی تھیں وہ پوری نہیں ہوسکیں۔ لوگوں کا خیال تھا کہ اسٹیٹس کو ٹوٹے گا، نظام بدلے گا، نوجوانوں کو روزگار ملے گا، غریب عوام سکون کا سانس لیں گے مگر کچھ بھی تبدیل نہیں ہوسکا۔ حکومت نے لوگوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے، لوگوں کے چہرے زرد ہیں، ہر طرف مایوسی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں مگر اس حکومت کے پاس ان کی پریشانیوں کا کوئی علاج نہیں بلکہ حکومت نے عوام کی پریشانیوں میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔ جماعت اسلامی مزدوروں، کسانوں اور مظلوم عوام کی آواز ہے۔ اس ملک کی قسمت بدلنے کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی افراد کی نہیں نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کررہی ہے۔ جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کو جہاں بھی موقع ملا عوام کی خدمت سے انہوں نے خود کو منوایا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی مقتدر پارٹیاں ہوں یا موجودہ حکمران پارٹی سب نے عوام کو دھوکا دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2 سال بعد عوام کو پتا چل گیا ہے کہ ان تلوں میں تیل نہیں۔ جماعت اسلامی کی قیادت کا اجلا اور صاف ستھرا کردار قوم کے سامنے ہے۔ نیب زدہ اور خاندانی پارٹیاں ملک میں کوئی تبدیلی نہیں لاسکتیں۔ جماعت اسلامی کے نوجوانوں نے ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد قومی تاریخ کا روشن باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش میں آج بھی ہماری قیادت کو پاکستان سے محبت کے جرم میں پھانسیوں پر لٹکایا جارہا ہے