بدین (نمائندہ جسارت) نندو شہر کے سرکاری اسپتال میں ڈاکٹرز اور ادویات کی قلت کیخلاف سندھ ترقی پسند پارٹی کا احتجاج اور بھوک ہڑتال، نندو شہر میں غیر سرکاری ادارے آئی ایس ایچ کے زیر اہتمام چلنے والے گورنمنٹ کے رورل ہیلتھ سینٹر میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ادویات کی قلت سمیت دیگر علاج کی بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی کیخلاف سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے یوسف لاکھاٹیو اور محمد صدیق کی قیادت میں کارکنوں نے ریلی نکالی اور بھوک ہڑتال کی۔ اس موقع پر احتجاجی شرکا نے کہا کہ حکومت ایران کی مالی مدد سے نندو شہر میں دس سال قبل کروڑوں روپے کی لاگت سے ایک جدید اور خوبصورت عمارت تعمیر کرا کے سندھ حکومت کے حوالے کی مگر افسوس نااہل اور کرپٹ حکومت اس اسپتال کو چلانے میں ناکام رہی اور تین سال قبل ایک غیر سرکاری ادارے آئی ایس ایچ کے حوالے کر کے لاکھوں روپے کے سالانہ فنڈ جاری کرتی ہے اس کے باوجود اسپتال میں نہ ڈاکٹر اور نہ ہی ادویات دستیاب ہیں۔ ایمرجنسی اور ہر آنے والے مریضوں کو طبی امداد اور علاج کے بجائے بدین اور حیدر آباد ریفر کردیا جاتا ہے اور مریضوں کو مجبور کیا جاتا ہے کہ وہ اپنا علاج پرائیویٹ اسپتالوں میں کرائیں۔ مظاہرین نے ڈائریکٹر ہیومن رائٹس ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔