کورونا وائرس: کراچی کے متعدد علاقوں میں لاک ڈاؤن

241

شہرقائد میں کورونا وائرس کیسز میں اضافے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن جبکہ متعدد ریسٹورنٹ کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کردیا گیا ہے.

نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ کے بعد ضلع جنوبی میں مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کردیا گیا ہے اور ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی ارشاد سوڈھر نے حکم نامہ بھی جاری کردیا ہے.

ڈپٹی کمشنر ارشاد سوڈھر نے کہا کہ ضلع جنوبی کےصدر سب ڈویژن میں بھی اسمارٹ لاک ڈاوَن ہوگا، غیر ضروری نقل وحرکت اور بغیر ماسک باہر نکلنے پر پابندی ہوگی.

اسمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث سول لائنزسب ڈویژن کے فیز 8 بلاک اے میں لاک ڈاؤن ہوگا، ضلع شرقی میں ایس اوپیزکی خلاف ورزی کرنے پر 7 ریسٹورنٹ جبکہ کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر کلفٹن میں ریسٹورنٹ کو سیل کردیا گیا.

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے نارتھ ناظم آباد ،گلشن اقبال، گلزار ہجری، جمشید کوارٹرز، بہادرآباد، ملیر، کورنگی اورنارتھ کراچی میں  ایس او پیز کی خلاف ورزی پر  4 شادی ہالز سیل اور 3 کو وارننگ جبکہ شہر بھر میں حفاظتی تدابیر پرعمل نہ کرنے پر 61 ریسٹورنٹس وبیکریاں سیل کردی گئیں ہیں.

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 13 ہزار 431 جبکہ 6,499 مریض انتقال کرگئے اور ملک بھرمیں اس وقت 480 مریض تشویشناک حالت میں ہیں تاہم 2 لاکھ 98 ہزار 55 افراد مہلک وبا سے مکمل طور پرصحتياب ہوچکے ہیں.