نواز شریف کی اراضی اور ملز شیئر کی مکمل تفصیلات سامنے آگئیں

560

اشتہاری ملزم نوازشریف  کی اراضی ملز میں شیئرز کی مکمل تفصیلات سامنے آگئیں۔ نیب کے تفتیشی افسر محمد راحیل اعظم نے احتساب عدالت میں رپورٹ جمع کروا دی۔

نیب رپورٹ کے مطابق نوازشریف کے اثاثوں کیلئے الیکشن کمیشن،ایف بی آراور ایس ای سی پی کوخطوط لکھے، حدیبیہ انجینئرنگ کمپنی میں نوازشریف کے شیئرز کی تعداد 22 ہزار 213 ہے،  حدیبیہ پیپر ملز میں نوازشریف 3 لاکھ 43 ہزار 425 شیئرز کے مالک ہیں۔

ایس ای سی پی کے مطابق نوازشریف کے 4 کمپنیوں میں شیئرز ہیں،محمد بخش ٹیکسٹائل ملز میں نوازشریف کے 4 لاکھ 67 ہزار 950 شیئرز ہیں جب کہ اتفاق ٹیکسٹائل ملز میں نوازشریف 48 ہزار606 شیئرز کے مالک ہیں۔

نوازشریف کے مختلف نجی بینکس میں 3 غیرملکی کرنسی سمیت 8 اکاؤنٹس شامل ہیں، نوازشریف کے 5 بینک اکاؤنٹس میں 6 لاکھ 12 ہزار  روپے موجود ہیں، غیرملکی کرنسی والے اکاؤنٹس میں 566یورو، 698 امریکی ڈالرزاور498 برطانوی پاؤنڈز موجود ہیں۔

ایل ڈی اےلاہور،شیخوپورہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،اے سی مری،گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بھی رپورٹ دی۔نوازشریف اور ان کے زیرکفالت افراد کے نام لاہور،شیخو پورہ،مری اورایبٹ آباد میں جائیدادیں ہیں، مری میں بنگلہ،چھانگلہ گلی ایبٹ آباد میں 15 کنال کا مکان اور اپرمال لاہور میں جائیداد شامل ہیں۔

نوازشریف اور ان کے زیرکفالت افراد کے نام 1752 کنال سے زائد زرعی اراضی شامل ہیں  جب کہ لاہورکے موضع مانک میں 936 کنال،موضع بڈوکسانی میں 299 کنال زرعی اراضی ہے۔

لاہورکے موضع مال رائے ونڈ میں103 کنال،موضع سلطان  میں312 کنال اراضی ، شیخوپورہ کے موضع منڈیالی میں 14 کنال،موضع فیروزوطن میں 88 کنال اراضی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن آفس لاہور،اسلام آباد کیمطابق نوازشریف کے نام پر3 گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں، نوازشریف ایک لینڈ کروزر، 2 مرسڈیز گاڑیوں سمیت 2 ٹریکٹرز کے مالک ہیں۔