سرینگر(اے پی پی)قابض بھارتی فوج کے ہاتھوںضلع راجوری کے رہائشی 3 شہید مزدوروں کے جسدخاکی قبروں سے نکال کر ورثا کے حوالے کردیے ہیں۔ بھارتی فوجینے مزدوروں کو رواں برس 18جولائی کو ضلع شوپیاں کے علاقے امشنی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کرنے کے بعد انہیں عسکریت پسند قرار دیا تھا۔ نوجوانوں کی لاشیں ضلع بارہمولہ کے علاقے گانٹھ مولہ کے قبرستان میں دفن کی گئی تھیں۔ شہید ہونے والے نوجوانوں کے اہلخانہ نے ان کی شناخت امتیاز احمد ، ابرار احمد اور محمد ابرار کے نام سے کی تھی جو جموں خطے کے ضلع راجوری سے مزدوری کی غرض سے وادی کشمیر آئے تھے۔ بھارتی فوج نے بھی بعد میں 18ستمبر کو اعتراف کیا کہ یہ نوجوان راجوری کے رہائشی تھے۔بھارتی فوج نے واقعے کی کوٹ آف انکوائری کے بعد کہا تھا کہ اس آپریشن میں قواعد کی خلاف ورزی کی گئی اور آرمد فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کا بے جا استعمال کیا گیا۔