جناح اسپتال کا ہیلی پیڈ ایئرایمبولینس کے لیے 20 برس بعد بحال

336

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کے ہیلی کاپٹر نے جناح اسپتال کے ہیلی پیڈ پر لینڈنگ کی ہے،سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جناح اسپتال میں ہیلی کاپٹر لینڈنگ کی اجازت دے دی ہے،جس کے بعد آج ہیلی کاپٹر نے آزمائشی لینڈنگ کی ہے،اب ہیلی کاپٹر کے ذریعے مریضوں کو جناح اسپتال لایا جا سکے گا۔

سربراہ جناح اسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال میں ایئر ایمبولینس کیلیے ہیلی پیڈ فعال کر دیا گیا ہے،دودہائیوں کے بعد سندھ حکومت کا ایک ہیلی کاپٹرہیلی پیڈ پراترا ہے،سرکاری اورنجی ہوائی ایمبولینس کے ذریعے مریض لائے جاسکیں گے۔

انہوں نے کہا ہیلی کاپٹر ایمبولینسیں 1990 کی دہائی میں مریضوں کو جے پی ایم سی میں لاتی تھیں،لیکن ہیلی پیڈ کی حالت خراب ہونے پر طویل عرصے تک ہیلی کاپٹر کی پروازیں بند تھیں،اب ملک کے کسی بھی علاقے سے چند گھنٹوں میں مریض کو جے پی ایم سی لایا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر سیمی جمالی نے کہا ہیلی پیڈ کی بحالی پر سندھ حکومت اور محکمہ صحت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ جناح ہسپتال شہر قائد کراچی کا بڑا سرکاری اسپتال ہے جہاں مریضوں کا رش ہوتا ہے اور نہ صرف کراچی بلکہ اندرون سندھ سے بھی مریض جناح اسپتال علاج کے لئے آتے ہیں۔