فریئر ہال کا دوسرا گیٹ بھی عوام کیلئے کھول دیاگیا

220

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے فریئر ہال کے گیٹ نمبر 2 پر قائم غیرقانونی تجاوزات (لوہے سے بنائے گئے شیڈ) کا خاتمہ کرکے دروازہ عوام کی آمد و رفت کیلئے کھول دیا ہے۔

کے ایم سی سی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے گزشتہ روز فریئر ہال کے گیٹ نمبر 2 پر قائم لوہے کے شیڈز ہٹانے کیلئے آپریشن کیا، تمام تجاوزات ہٹانے کے بعد دروازے کو عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔

سینئر ڈائریکٹر کے ایم سی بشیر صدیقی کا کہنا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی کی ہدایت پر آپریشن کیا گیا، دروازے پر قائم لوہے کے شیڈز بھاری مشینری کی مدد سے مکمل طور پر ہٹادیئے گئے ہیں۔

بشیر صدیقی نے بتایا کہ فریئر ہال کے گیٹ نمبر 2 پر شیڈز گزشتہ 10 برس سے قائم تھے،جو قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی کے سیکیورٹی اقدامات کیلئے قائم کئے گئے تھے،اس شیڈ کو سیکورٹی اداروں کے اہلکار سائے کیلئے استعمال کرتے تھے۔

ماضی میں امریکی قونصل جنرل کا آفس عبداللہ ہارون روڈ پر میریٹ ہوٹل کے قریب واقع تھا جو 2010ء میں مائی کلاچی روڈ پر منتقل ہوگیا تھا۔

اس کے علاوہ کے ایم سی کی جانب سے تجاوزات کیخلاف آپریشن گلشن اقبال میں سونگل نالہ پر بھی کیا گیا ہے،جہاں سے تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔

کراچی میں انسداد تجاوزات کیلئے کے ایم سی کا آپریشن مسلسل 4 روز تک جاری رہا ہے،مختلف علاقوں سے غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا جبکہ برساتی نالوں پر قائم غیر قانونی تعمیرات بھی گرائی گئیں۔