ایکنک نے گریٹر کراچی سپلائی اسکیم کے پہلے مرحلے کی منظوری دے دی

220

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایکنک نے گریٹر کراچی سپلائی اسکیم کے پہلے مرحلے کی منظوری دے دی ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت کراچی کے فور منصوبے کے حوالے سے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

اجلاس میں چیئرمین واپڈا لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے بھی شرکت کی۔اعلامیے میں بتایاگیا کہ ایکنک نے گریٹر کراچی سپلائی اسکیم کے پہلے مرحلے کی منظوری دی ہے۔پہلے مرحلے میں کراچی میٹرو پولیٹن کو 250 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ کے فور منصوبہ صوبائی حکومت نے شروع کیا تھا،وفاقی حکومت نے اس میں اپنا حصہ بھی ڈالا۔ وزیر اعظم کے کراچی پیکیج کے تحت منصوبے کے لیے رقم کا 50 فیصد وفاق فراہم کرے گا۔

اعلامیے کے مطابق وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اس ضمن میں وزیراعلیٰ سندھ کو بھی خط لکھا جس میں وفاقی حکومت نے کے فور منصوبے میں اپنی شراکت کی حامی بھری ہے۔

وزیر منصوبہ بندی نے واپڈا کو منصوبے پر عملدرآمد کی ذمہ داری سنبھالنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو مقررہ وقت سے پہلے مکمل کیا جانا ضروری ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کی تکمیل کی تاریخ واضح طور پر دی جائے۔