پاک بحریہ نے مسلسل تیسری مرتبہ قومی شوٹنگ چیمپئن شپ اپنے نام کرلی

117

جہلم(جسارت نیوز)پاک بحریہ نے 17 طلائی سمیت32تمغے جیت کرمسلسل تیسری بارقومی شوٹنگ چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔پاک آرمی نے 32 تمغے جیت کردوسری اور پاک فضائیہ نے 13 تمغے جیت کر چیمپئن شپ میںتیسری پوزیشن حاصل کی۔جنرل آفیسر کمانڈنگ 23 ڈویژن میجر جنرل شاہد امتیاز نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔27 ویں قومی شوٹنگ چیمپئن شپ 2020 کا انعقاد آرمی مارکس مین یونٹ جہلم میں ہوا۔ قومی سطح کے اس سالانہ ایونٹ میں قومی سطح کی تمام ٹیمیں فاتح کا اعزاز حاصل کرنے کے لیے شرکت کرتی ہیں۔ دفاعی چیمپئن،پاک بحریہ نے 17طلائی، 17چاندی اور 11کانسی کے تمغے جیت کر قومی شوٹنگ چیمپئن شپ کا اعزاز مسلسل تیسری بار اپنے نام کیا جب کہ پاک آرمی کی ٹیم دوسرے نمبر پررہی اور پاک فضائیہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔پاک آرمینے 13طلائی، 10 چاندی اور 9 کانسی کے تمغے جیت کردوسری اور پاک فضائیہ نے 2طلائی،3چاندی اور8کانسی کے تمغے جیت کرتیسری پوزیشن حاصل کی۔جنرل آفیسر کمانڈنگ 23 ڈویڑن، میجر جنرل شاہد امتیاز نے تقریب تقسیم انعامات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور فاتحین کو تحائف تقسیم کیے۔ ایک ہفتے جاری رہنے والے اس ایونٹ کو نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے تحت منعقد کیا گیا جس کی میزبانی پاکستان آرمی نے کی۔آرمی، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، پنجاب، سندھ، واپڈا، اے ایس ایف، فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن اور خیبر پختونخواہ کی ٹیموں کے 300 سے زائد شوٹرز نے اس مقابلے میں حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔