کراچی ٹریفک پولیس نے چہلم امام حسین کے جلوس سے متعلق روٹ پلان جاری کردیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق 20 صفر ،8 اکتوبر کو مرکزی جلوس نشتر پارک سے دوپہر ایک بجے برآمدہوگا، مرکزی جلوس سے قبل صبح 9 بجے مارٹن روڈ شاہ نجف امام بارگاہ سے علم کا جلوس برآمد ہوگا۔
ترجمان نے کہا کہ علم کا جلوس نشتر پارک پر اختتام پذیر ہوگا جہاں مرکزی مجلس منعقد ہوگی، مرکزی مجلس کے بعد جلوس برآمد ہوگا، مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔
مرکزی جلوس کی گزرگاہوں میں سر شاہ نواز بھٹو روڈ، فادر جیمنیز روڈ،محفل شاہ خراساں، ایم اے جناح روڈ شامل ہیں۔ مرکزی جلوس مینسفیلڈ اسٹریٹ،صدر دواخانہ، پریڈی اسٹریٹ،تبت چوک ،ایم اے جناح روڈ سے گزرے گا۔
مرکزی جلوس بولٹن مارکیٹ، بمبئی بازار کھارادر، نواب محبت خانجی روڈ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ پر ختم ہوگا، جلوس کے دوران عام ٹریفک کو جلوس کے روٹ پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ عوام جلوس کے دوران متبادل راستے اختیار کریں، عوام کی سہولت کے لیئے متبادل راستوں پر ٹریفک پولیس ، رہنمائی کے لیئے موجود ہوگی۔