ٹی ٹوئنٹی سیکنڈ الیون ،پنجاب کی دونوں ٹیمیں سرفہرست

141

لاہور(نمائندہ خصوصی) پنجاب اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ سیکنڈ الیون کے ٹائٹل کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔ ایونٹ کے چھٹے روزقذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اہم میچوں میں بلوچستان اور سدرن پنجاب نے اپنے اپنے میچز جیت لیے ہیں۔ بلوچستان نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے میچ میں عبدالواحد بنگلزئی کی 11 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 90 رنز کی دھواں دھار اننگز نے بلوچستان کو ناردرن کے خلاف 19 رنز سے فتح دلادی۔ ایوٹ میں دوسری نصف سنچری بنانے والے کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے بیٹسمین 4 میچوں میں 50 کی اوسط سے 200 رنز بناکر ٹاپ اسکورر بن گئے ہیں۔ ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو بلوچستان نے دائیں ہاتھ کے بیٹسمین کی شاندار اننگز کی بدولت مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔عامر جمال اور سلمان ارشاد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں نہال منصور کے 51 رنز کے باوجود ناردرن کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز ہی بناسکی۔ جلات خان اور تاج ولی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ منگل کے روز کھیلے گئے دوسرے میچ میں ضیاء الحق کی شاندار باؤلنگ اور زین عباس کی ایونٹ میں دوسری نصف سنچری نے سدرن پنجاب کو سندھ کے خلاف باآسانی 8 وکٹوں سے کامیابی دلادی۔