زمبابوے کیخلاف سیریز دورہ نیوزی لینڈ کیلئے تیاری ہے،بابر اعظم

167

راولپنڈی(جسارت نیوز)قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوسرے مرحلے میں سینٹرل پنجاب ٹیم کی قیادت کریں گے۔ سینٹرل پنجاب کی ٹیم ایونٹ کے پانچ میچوں میں سے صرف ایک میں کامیابی کے ساتھ فی الحال پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔دورہ انگلینڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ اڑھائی ماہ بائیو سیکیور ببل میں وقت گزارنے کے بعد انگلش کاؤنٹی سمر سیٹ کے بائیو سیکیور ماحول میں رہنے والے بابراعظم اب نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شرکت کے لیے راولپنڈی کے بائیو سیکیور ماحول کا حصہ بنیں گے ۔ پاکستان کی وائٹ بال کرکٹ کے کپتان کا کہنا ہے کہ انہیں تو اب بائیو سیکیور ببل کی عادت ہوچکی ہے تاہم کورونا وائرس کی وباء کے باوجود کرکٹ کی سرگرمیاں جاری رہنا خوش آئند ہے۔پہلے انٹرنیشنل اور پھر کاؤنٹی کرکٹ میں مصروفیات کے باعث وہ ایک طویل عرصے سے ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں سے ملاقات نہیں کرسکے، لہٰذا وہ راولپنڈی میں سینٹرل پنجاب کے اسکواڈ کو جوائن کرنے پر بہت پرخوش ہیں۔سینٹرل پنجاب کے کپتان بابراعظم کاکہنا ہے کہ گزشتہ سال سینٹرل پنجاب کی بولنگ کمزور تھی مگر اس مرتبہ ہم ٹورنامنٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹنگ خاصی مضبوط ہے، رواں سال غلطیوں کو دہرانے کی بجائے بہتر نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔ وہ پرامید ہیں کہ سنٹرل پنجاب کی ٹیم نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے بقیہ میچوںمیںاچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ بابراعظم کاکہنا ہے کہ دنیا میں کوئی کھلاڑی ایسا نہیں ہے جو کھیل کے دوران دباؤ کا شکار نہ ہومگر میں پختہ ذہن اور خود اعتمادی کے ساتھ میدان میں اترتا ہوں ۔ بابراعظم نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ 2020 نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرز کیساتھ پاکستان کے وائٹ بال اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے لیے اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ ایونٹ کے فوری بعد زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورہ پرپہنچ جائے گی اور وہ سیریز ہمارے لیے دورہ نیوزی لینڈ کی ایک اچھی تیاری ہوگی۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سطح پر کوئی بھی ٹیم آسان نہیں ہوتی۔