قومی ٹی ٹوئنٹی کپ،سدرن و سینٹرل پنجاب اور بلوچستان کی ٹیم میں تبدیلیاں

195

ملتان(نمائندہ خصوصی)نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں مشکلات کا شکار سدرن پنجاب، سینٹرل پنجاب اور بلوچستان نے اپنے اپنے اسکواڈ میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔ ملتان میں کھیلے گئے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے پہلے مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پرسرفہرست دو نوں ٹیموں، ناردرن اور خیبر پختونخوا سمیت سندھ نے اپنے اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔تین کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ہیڈ کوچز عبدالرحمٰن، شاہد انور اور فیصل اقبال نے ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں نئی حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان ہیڈ کوچز نے عبدالواحد بنگلزئی اور محمد اخلاق سمیت سیکنڈ الیون اسکواڈز میں شامل پانچ کھلاڑیوں کوان کی عمدہ کارکردگی کا صلہ دیتے ہوئے فرسٹ الیون کا حصہ بنالیا ہے۔اس فہرست میں سب سے پہلا نام کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ نوجوان بیٹسمین عبدالواحد بنگلزئی کا ہے، جنہیں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے 5 میچوں میں47 کی اوسط سے 235 رنز بنانے پر بلوچستان کے فرسٹ الیون اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ ایونٹ میں دو نصف سنچریاں بنانے والے عبدالواحد بنگلزئی کو عمران فرحت کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے بلوچستان فرسٹ الیون کی نمائندگی کرتے ہوئے 2 میچوں میں 19 رنز بنائے تھے۔نیشنل فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں جیت کی راہ تکتی سدرن پنجاب کی ٹیم نے بھی اپنے اسکواڈ میں تین تبدیلیاں کی ہیں۔ بلاول بھٹی، محمد عرفان اور راحت علی کی جگہ دلبر حسین، محمد عمران اور زین عباس کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے ۔ سنٹرل پنجاب کے ہیڈ کوچ نے بھی فرسٹ الیون اسکواڈ میں ایک تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے آف اسپنر بلال آصف کی جگہ سیکنڈ الیون کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین محمد اخلاق کو فرسٹ الیون اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔