نیب نے جو تفصیلات مانگیں وہ تو دادا مرحوم ہی دے سکتے ہیں‘ کیپٹن (ر) صفدر

53

پشاور (این این آئی)مسلم لیگ(ن)کے رہنما کیپٹن (ر)محمد صفدر نے کہا ہے کہ چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) نے ان کے وارنٹ گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے ہیں، عدالتی حکم کے تحت وہ 10 دن بعد گرفتاری دینے دوبارہ آئیں گے، گرفتاری سے نہیں ڈرتا، بستر اور ادویات ساتھ لایا تھا۔نیب آفس پشاور میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیپٹن(ر)محمد صفدرنے کہا کہ چیئرمین نیب نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں، عدالتی حکم کے تحت گرفتاری سے 10 دن پہلے نیب نے وارنٹ گرفتاری جاری کرنا تھا، اب وہ 10 دن بعد گرفتاری دینے نیب آفس دوبارہ آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان، شہزاد اکبر، چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب لاہور کے خلاف ایف آئی آر کے لیے درخواست دی ہے جن سے انہیں جان کا خطرہ ہے۔انہوںنے کہاکہ نیب نے سوال نامہ نہیں بلکہ پوری ڈکشنری تھمائی، اب میں 1872ء کی جائداد کا حساب کہاں سے دوں؟ اتنے پرانے اثاثوں کی تفصیلات تومیرے دادا مرحوم ہی دے سکتے ہیں جو اس وقت قبر میں ہیں۔انہوں نے عدالت عظمیٰ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چیئرمین نیب کو بھی ایف آئی آر میں نامزد کیا ہے جن کے حکم سے انہیں نیب آفس طلب کیا جاتا ہے، نیب کو بی آر ٹی، مالم جبہ اسکینڈل نظر نہیں آتا، چیئرمین نیب اپنی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے کام کررہے ہیں۔ قبل ازیں صوبائی صدر مسلم لیگ (ن) امیر مقام بھی نیب خیبر پختونخوامیں پیش ہو ئے تھے ان کی نیب میںپیشی کے باعث سیکورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی پولیس کی بھاری نفری نیب دفترکے باہر تعینات رہی ۔ پولیس اہلکاروں اور مسلم لیگ (ن) کے بعض اہلکاروں کے درمیان تکرار کے واقعات بھی رونما ہوئے۔ انہیں موٹر وے ٹول پلازے سے جلوس کی شکل میں نیب دفتر لایا گیا ۔