قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا دوسرامرحلہ آج سے راولپنڈی میں شروع ہوگا

33

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا دوسرا مرحلہ آج سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ 30 ستمبر سے 6 اکتوبر تک کھیلی گئی ملتان لیگ میں شاداب خان کی زیر قیادت میدان میں اترنے والی ناردرن کی ٹیم نے پانچوں میچوں میں کامیابی حاصل کرکے ایونٹ میں سبقت برقرار رکھی ہوئی ہے۔گزشتہ ایڈیشن کے اختتامی پانچوں میچوں اور پھر ایم سی سی کے خلاف کامیابی حاصل کرنے والی ناردرن کی ٹیم کرکٹ کے اس محدود فارمیٹ میں اب تک لگاتار 11 فتوحات سمیٹ چکی ہے۔اْدھر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میلہ کے پہلے مرحلے میں بلے بازوں کا راج رہا۔ ملتان کرکٹ ا سٹیڈیم میں کھیلے گئے 14 میچوں کی 8 اننگز میں 200 یا اس سے زائد کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا گیا۔ مجموعی طور پر 481 چوکے اور 180 چھکے لگے۔ ایونٹ کے پہلے مرحلے میں ناقابل شکست ناردرن کی ٹیم ایڈیشن کے پانچوں میچوں میں ناقابل شکست رہنے کی وجہ سے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔