قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سیکنڈ الیون سینٹرل پنجاب نے جیت لیا

55

لاہور (نمائندہ خصوصی) قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے آخری لیگ میچ میں سینٹرل پنجاب نے ناردرن کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سیکنڈ الیون کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ۔ ایونٹ کے5 میں سے 4میچوں میں فتوحات کے بعد سینٹرل پنجاب نے 8 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ٹاپ رینک ٹیم نے جمعرات کو کھیلے گئے ایونٹ کے آخری لیگ میچ میں جنید علی کے ناقابل شکست 66 رنز کی بدولت 134 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان نعمان انور 13 گیندوں پر 26 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ ناردرن کے اطہر محمود نے 2وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کافیصلہ کیا اور 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے۔عامر جمال ناٹ آئوٹ 38 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔وقاص مقصود نے 3 اور محمد علی نے 2وکٹیں حاصل کیں۔کپتان سینٹرل پنجاب نعمان انور نے کہا کہ کورونا وائرس کے سخت پروٹوکولز میں کرکٹ کے معیاری مقابلوں میں شرکت ایک خوش آئند تجربہ رہا۔ انہوں نے کہا کہ سینٹرل پنجاب کی خاصیت بہترین کمبی نیشن اور اسکواڈ میں شامل ہر کرکٹر کی جانب سے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرنا تھا۔نعمان انور نے مزید کہا کہ ایونٹ میں تمام ٹیمیں بہترین تھیں، جس کی وجہ سے بہت سخت مقابلے ہوئے مگر روایتی حریف سندھ کے خلاف میچ آخری اوور تک گیا، جس میں کامیابی اس ایونٹ میں ان کی بہترین یاد رہے گی۔ سینٹرل پنجاب کے ہیڈ کوچ اکرم رضا نے کہا کہ ایونٹ کے آغاز سے قبل منعقدہ پریکٹس کیمپ نے ان کھلاڑیوں کو کوویڈ 19 کی صورتحال میں اعصابی طور پر مزید مضبوط بنانے میں بہت مددکی۔اکرم رضا نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کے سب سے نمایاں کرکٹر محمد اخلاق کے فرسٹ الیون اسکواڈ میں شمولیت پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے محمد اخلاق کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دائیں ہاتھ کے بیٹسمین بہت باصلاحیت کرکٹر ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں بھی شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ایونٹ کے اختتام پر سینٹرل پنجاب کی ٹیم 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب 6،6 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے جبکہ سندھ چوتھے، بلوچستان5ویں اور ناردرن چھٹے نمبر پر رہی۔بلوچستان کے 17سالہ بیٹسمین عبدالواحد بنگلزئی نے سب سے زیادہ 235 رنز جبکہ سینٹرل پنجاب کے کامران افضل نے 8 وکٹیں حاصل کیں۔