بول نیٹ ورک کے صدر نبیل جکھورا اور نائب صدر شبیہ الحسن اغوا

271

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی میں بول نیٹ ورک کے صدر نبیل جکھورا اورمعاون نائب صدر شبیہ الحسن کواغواء کرلیاگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نبیل جکھورا اورشبیہ الحسن کو رات گئے گلشن اقبال سے نامعلوم افراد نے اغواکیا۔ان کی گاڑی صبح سویرے سہراب گوٹھ سے ملی ۔ گاڑی لاک تھی اور تمام سامان بھی گاڑی میں ہی موجودتھا۔

اطلاعات کے مطابق نبیل جکھورا اورشبیہ الحسن کو بیت المکرم کے قریب سے اغوا کیا گیا ہے۔نبیل جکھورا کے موبائل کی آخری لوکیشن اسکیم 33 ٹریس ہوئی ہے ۔

نبیل جکھورا گذشتہ شب ساڑھے بارہ بجے آفس سے گھرکے لیے روانہ ہوئے تھے۔ بول کے معاون نائب صدرشبیہ الحسن بھی ان کے ہمراہ تھے ۔اہلخانہ کاکہناہے کہ حسن اسکوائرتک نبیل جکھورا ان سے رابطے میں تھے ۔

واقعے کے ایف آئی آر تھانہ عزیز بھٹی میں درج کرادی گئی ۔پولیس کے مطابق معاملے کی تفیتش جاری ہے اور جلد کسی پیشرفت کی توقع ہے۔

نبیل جکھوراکے اہلخانہ نے وزیراعظم عمران خان، چیف جسٹس گلزاراحمد اورآرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ سے واقعے کانوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بول نیوز کے صدر نبیل جکھورا کے اغوا کا نوٹس لے لیا۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے بول نیوز کے صدر نبیل جکھورا کے اغوا کا نوٹس لے لیا ہے۔مراد علی شاہ نے نبیل جکھورا کے اغوا سے متعلق آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔