سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ نے 19 برس بعد شیڈول آف اسٹبلشمنٹ جاری کردیا

224

کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری) سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ،اور لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ نے 19برس کے بعد شیڈول آف اسٹبلشمنٹ جاری کردیا ہے۔شیڈول آف اسٹبلشمنٹ کے اجرء سے بلدیاتی اداروں تقرری اور ترقیوں میں کی جانے والی مسلسل بے قائدگیوں کی روک تھام ممکن ہوسکے گی۔

بلدیہ عظمی کراچی،ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز،ڈسٹرکٹ کونسلز،میونسپل کمیٹیز،ٹاون کمیٹیز،کیلئے سندھ کونسلز یونیفائیڈ گریڈ سروس کے گریڈ11 سے گریڈ20 تک کے انجینئرنگ برانچ،ایڈمنسٹریشن برانچ، اکاونٹس برانچ سمیت دیگرکا شیڈول آف اسٹیبلشمنٹ کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ کی پوسٹیں سندھ کونسلز یونیفائیڈ گریڈ سروس کے افسران کیلئے مختص کردی گئی ہیں جبکہ ایک بڑی تعداد میں نئی آسامیاں بھی رکھی گئی ہیں اور تمام کونسلز کے سربراہان کو مجوزہ تمام پوسٹیں کونسلز کے بجٹ میں رکھنے کی تلقین کی گئی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید پوسٹیں بڑھانے کی بھی پیشنگوئی کی ہے۔

بلدیہ عظمی کراچی میں پہلے ہی کونسل افسران کی بہتات ہے اور کافی بڑی تعداد میں ایسے افسران ہیں جنہیں ماضی میں آوٹ آف کیڈر اور آوٹ آف ٹرن پروموشن دیکر سیاسی بنیادوں پر نوازا گیا ہے اور اسوقت بھی بلدیہ عظمی کراچی میں سوائے ایک دو محکموں کو چھوڑ کر تمام محکموں کے سربراہ کونسل کے افسران ہیں۔

اور وہ بلدیہ عظمی کراچی کے سروس ا فیسر ہیں لیکن آج گورنمنٹ آف سندھ لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے شیڈول آف اسٹیبلشمنٹ کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ کے افسران اور کے،ایم،سی، کے افسران میں پوسٹنگز حاصل کرنے کیلئے ایک دلچسپ صورت حال بن جائیگی اور ایک سرد جنگ کا آغاز ہوجائیگا اور دیکھنا یہ ہوگا کہ اس سرد جنگ کا فاتح کون ہوتا ہے۔