کوئٹہ کراچی شاہراہوں کو فی الفور دورویہ کیا جائے، عبدالحق ہاشمی

64

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ مزید جنازے اٹھانے ا وراحتجاج کرنے سے پہلے ڈیرہ غازی خان کوئٹہ ،کوئٹہ کراچی شاہراہیں فی الفور دورویہ کیا جائے شاہراہوں کو دورویہ کرنے اور اجتماعی مسائل کے حل کے لیے لانگ مارچ خوش آئند ہے، یہ مارچز حکمرانوں کو خواب غفلت سے بیدارکرنے کے لیے کیے جارہے ہیں، تنگ و ٹوٹی شاہراہوں پر حادثات کی وجہ سے قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں، دیگر صوبوں میں موٹر وے، میٹرو بس، گرین بسز و سفر کی جدید شاہراہیں، ٹرانسپورٹس کی سہولیات مل رہی ہیں تو اس حوالے سے بلوچستان سے سوتیلی ماں کا سلوک کب تک جاری رہے گا۔ فاصلے، غربت، زراعت زیادہ ہونے کی وجہ سے بلوچستان میں سفری سہولیات دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ ہونی چاہیے مگر یہاں معاملہ اس کے برعکس ہے۔ حکومت نے اگر شاہراہو ں کو دو ریہ اور سفر کی جدید سہولیات فراہم نہ کیں تو بھرپور احتجا ج ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ترقی، خوشحالی اور روزگار کے راستے محدود کیے گئے ہیں، بلوچستان کوترقی وخوشحالی کے حوالے سے نظر انداز کیا گیا ہے، لوٹ مار کرنے والوں سے حساب، بدعنوانی کا راستہ روکنے کے حوالے سے بھی بلوچستان میں یکسر مکمل خاموشی ہے، جس نے جتنا لوٹا اور جو جتنا کھا رہے ہیں کسی کو کچھ نہیں کہا جائے گا، سابقہ اور موجودہ لوٹ مار کرنے والے دونوں آزاد ہونے کی وجہ سے بدعنوانی ختم ہونے کے بجائے بڑھ رہی ہے۔ بدقسمتی سے لوٹ مار زیادہ ہونے کی وجہ سے بلوچستان کی شاہراہیں موٹر وے کی طرح بن گئی ہیں۔ شاہراہوں پر حادثات، قیمتی جانی نقصان اور اسمبلی میں بار بار اس حوالے سے آواز بلند کرنے کے باوجود ہر طرف اندھیر نگری، غفلت وکوتاہی جاری ہے۔ جماعت اسلامی صوبے کے قومی سلگتے مسائل کے حل، لوٹ مار کے خاتمے اور لوٹ مار کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دینے کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔