قومی ٹی ٹوئنٹی کپ، ناردرن نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

327

راولپنڈی: قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں ناردرن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سدرن پنجاب کو 5 رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، جبکہ سدرن پنجاب کے سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں ۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سدرن پنجاب کے باؤلرز نے بہتر لائن اور لینتھ پر باؤلنگ کی،جس کی وجہ سے ناردرن کے بلے باز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتے رہے۔ سہیل اختر 35 اور آصف علی 28 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ناردرن نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔ محمد الیاس اور حسین طلعت نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

 لو اسکورننگ میچ میں سدرن پنجاب کی ٹیم 146 رنز کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز ہی بناسکی،سدرن پنجاب کو آخری اوور میں جیت کے لیے 15 رنز درکار تھے تاہم کپتان عماد وسیم نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے نہ صرف 10 رنز دئیے بلکہ 1 وکٹ بھی حاصل کی۔

سدرن پنجاب کے عامر یامین نے اننگز کے 18ویں اوور میں حارث روؤف کو مسلسل 3 گیندوں پر 3 چوکے لگا کر میچ کو دلچسپ بنایا مگر وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں ناکام رہے۔ وہ 19 گیندوں پر 33 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ خوشدل شاہ 26 اور ذیشان اشرف25 رنز بناکر نمایاں رہے۔چھبیس سالہ فاسٹ باؤلر حارث روؤف نے 23 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ایونٹ میں چھٹی کامیابی کے ساتھ 12 پوائنٹس حاصل کرنے والی دفاعی چیمپئن ناردرن کی ٹیم نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔