سعودی عرب میں معروف ماہر غذائیات ادعیَہ وہاج کی جانب سے ’’ورلڈ ہارٹ ڈے‘‘ کے موقع پر خواتین میں امراض قلب سے آگاہی اور بچاؤ کے عنوان سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں جدہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹروں اور خواتین نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ادعیَہ وہاج نے بتایا کہ دل کے عارضے کی ایک بڑی وجہ معلومات کی کمی، غیر متحرک طرز زندگی، غیر متوازن غذا، ورزش سے اجتناب، تمباکو نوشی، پان یا گٹکے کا استعمال بھی ہو سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں امراض قلب کی شرح اموات سب سے زیادہ ہے۔ ڈاکٹر اِرم خان نے شرکا کو بتایا کہ بڑھتے ہوئے سر درد کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے کیوں کہ امرض قلب کے 40 فیصد مریضوں کو اکثر سر درد کی
شکایت رہتی ہے، اس کے علاوہ کلینکل سائیکولوجسٹ نورالعین طاہر نے ذہنی دباؤ سے بچنے کے طریقے، ڈاکٹر ثنا یاور اور سلمیٰ جہانزیب نے صحت و صفائی کے اصولوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ تقریب میں ندا عدنان، شمائلہ فیضان، شفا احمد، عینی، رابعہ دانش، مدہت رؤف اور آسیہ مسرور نے خصوصی شرکت کی۔ آخر میں دن کی مناسبت سے شرکا نے کیک کاٹا اور غذائیت سے بھرپور کھانوں سے تقریب کا اختتام کیا گیا۔