قومی انڈر 19ون ڈے ٹورنامنٹ میں 20لاکھ روپے انعامی رقم مختص

73

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورونا وائرس کی وباء کے باوجود پاکستان کے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں شامل کرکٹ کی سرگرمیوں کے بعد اب ایج گروپ کرکٹ کابھی آج سے آغاز ہونے جارہا ہے۔ اس سلسلے میں یکم ستمبر2001 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑیوں کے درمیان ایک روزہ طرز کی کرکٹ کے مقابلے آج سے لاہور، مریدکے اور شیخوپورہ میں شروع ہوں گے۔21روزہ ایونٹ کا فائنل 2 نومبر کو کھیلا جائے گا، جہاں سندھ انڈر19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ایونٹ میں20 لاکھ روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی جائے گی۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو10 لاکھ اوررنرزاپ کو 5 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بیٹسمین، بہترین وکٹ کیپر اور بہترین بولر کو50,50ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔ٹورنامنٹ میں 30 لیگ میچز کھیلے جائیں گے، جہاں ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو10 ہزار روپے اور مین آف دی فائنل کو20ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔ایونٹ کے پہلے روزپنجاب کی دونوں انڈر 19 ٹیمیں (سنٹرل اور سدرن) کے درمیان میچ قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں ہوگا۔ اسی طرح ناردرن اور خیبرپختونخوا کی انڈر19 ٹیمیں مریدکے کنٹری کلب جبکہ بلوچستان اور سندھ کی انڈر19 ٹیمیں ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔6کرکٹ ایسوسی ایشنز کے اسکواڈزمیں شامل نوجوان کرکٹرز کے بائیو سیکیور ماحول میں کرکٹ کا یہ تجربہ نیا ضرور ہوگا، جہاں کوورونا وائرس کے پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ایونٹ کے لیے6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے اسکواڈز کا انتخاب اوپن ٹرائلز کے بعد کیا گیا ہے۔ 16سے 19 ستمبر منعقدہ ٹرائلز میں تقریباََ 7ہزار نوجوان کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ایونٹ میں شریک تمام اسکواڈز کے کپتانوں نے شاندار کارکردگی دکھانے کے عزم کاارادہ کیا ہے۔