قائداعظم ٹرافی سہ روزہ میچز کیلئے ٹیموں کا اعلان کردیا گیا

67

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی سہ روزہ ٹورنامنٹ کیلئے 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سیکنڈ الیون ٹیموں کااعلان کردیا گیا ۔ ایونٹ 18اکتوبر سے کراچی میں شروع ہوگا۔ٹورنامنٹ میں دفاعی چمپئن سدرن پنجاب کی قیادت زین عباس کے سپرد کی گئی ہے،جبکہ سدرن پنجاب کی ٹیم ایونٹ میں اپنے سفر کا آغاز 18 اکتوبر سے ناردرن کیخلاف شروع ہونے والے سہ روزہ میچ سے کریگی۔ ناردرن کی ٹیم عمیر مسعود کی قیادت میں میدان میں اتریگی۔ ایونٹ میں بلوچستان کی کپتانی عظیم گھمن جبکہ سینٹرل پنجاب کی قیادت محمد سعد اور سندھ کی سیف اللہ بنگش کرینگے۔خیبرپختونخوا سیکنڈ الیون کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے فرائض مہران ابراہیم انجام دینگے۔ایونٹ کے میچز کے سی سی اے اسٹیڈیم، نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس، اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم اور ٹی ایم سی کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے جائیں گے۔ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کے کھلاڑی کراچی کے مقامی ہوٹل پہنچ چکے ہیں۔ جہاں وہ آج سے پریکٹس کا باقاعدہ آغاز کردینگے۔ قومیٹی ٹوئنٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں شرکت کی غرض سے راولپنڈی میں موجود کھلاڑی ٹورنامنٹ مکمل کرنے کے بعد قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کیلئے اپنی ٹیم کو کراچی میں جوائن کرلیں گے۔پی سی بی کی جانب سے اعلان کردہ کوویڈ19 پروٹوکولز کے مطابق ٹورنامنٹ کے تمام میچز بند دروازوں میں کھیلے جائیں گے۔اسی طرح ٹورنامنٹ کیلئے اعلان کردہ اسکواڈذ میں شامل کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کے کراچی پہنچنے پر کوویڈ19 ٹیسٹ مکمل کرلئے گئے ہیں۔ جس کی رپورٹس منفی آنے کے بعد ہی انہیں بائیو سیکیور ببل میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔