کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا کوئی ارادہ نہیں، شعیب ملک

61

راولپنڈی(جسارت نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل رانڈر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ابھی فٹ ہوں، کسی بھی طرز کی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کبھی سوچا نہ تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 10ہزار رنز کروں گا،کرکٹ انجوائے کررہا ہوں۔ انٹرویو میں شعیب ملک نے اپنے کیرئیر کے اتار چڑھائو، تجربات، یادگار لمحات اور مستقبل کے ارادوں پر کھل کر بات کی۔شعیب ملک کاکہنا تھاکہ جب آپ مرحلہ وار کرکٹ کھیل کر آتے ہیں تو کافی ساری چیزیں سیکھتے ہیں اور جب تجربہ کار ساتھی کرکٹرز کو فالو کریں اور یہ سیکھنے کی کوشش کریں کہ ان کی کارکردگی میں اتنا تسلسل کیسے ہے تو اس سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔شعیب ملک نے حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنے 10 ہزار رنز مکمل کیے ہیں، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے ایشین کرکٹر ہیں، اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ سفر اتنا آسان نہ تھا، ٹی ٹوئنٹی میں بہت محدود مواقع ملتے ہیں، پہلے 3 بیٹسمین کے پاس تو رنز کرنے کا موقع ہوتا ہی ہے لیکن مڈل آرڈر بیٹسمین کے لیے 10 ہزار رنز کرجانا بہت بڑی بات ہے، لیکن مجھے یہاں رکنا نہیں، ابھی بہت کچھ حاصل کرنا ہے۔سابق کپتان نے کہا کہ لیگز کھیل کر مجھے اس فرسٹریشن سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کافی مدد ملی، یہی سیکھا کہ جو کنٹرول میں ہے اس کو اچھا سے اچھا کرو اور جو کنٹرول میں نہ ہو اس کی فکر نہ کرو، کرکٹ کھیل کر میں نے زندگی کے بہت سے سبق سیکھے۔