ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ جب جب وزیراعظم نوٹس لیتے ہیں عوام کی چیخیں نکل جاتی ہیں، وزیراعظم کو احساس نہیں کہ کل بجلی کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ موجودہ حکومت آئینی تقاضوں کو روندھ رہی ہے، وفاقی حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی، عوام کو بجلی گیس نہیں مل رہی، وزیراعظم کہتے ہیں ریمیٹنس میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مافیا چلا رہی ہے انہیں غریب آدمی کا احساس نہیں، آٹا ناپید ہوچکا ہے، مارکیٹ میں دستیاب نہیں، عام آدمی کو ریمیٹنس سے غرض نہیں ، اپنے چولہے سے غرض ہےجب جب وزیراعظم نوٹس لیتے ہیں عوام کی چیخیں نکل جاتی ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے چینی کی قیمت پر نوٹس لیا تو 55 سے 80 روپے ہوگئی، عام آدمی کی ادویات کا خرچ دوگنا ہوگیا ہے، تنخواہ میں اضافہ نہیں ہوا اب لگتا ہے آٹا بھی سنچری پوری کرے گا،وزیراعظم کو کسی چیز کا احساس نہیں، کہتے ہیں میں جمہوریت ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی ،وزیر اعظم اور صدر پاکستان اسی کراچی سے منتخب ہوئے ہیں، ٹماٹر 59 روپے کلو تھا آج 190 روپے فی کلو ہے، چینی 55 روپے کلو تھی اب 105 روپے کلو ہے، گیس اور ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ہماری جدوجہد پاکستان کے آئین کی سربلندی کیلئے ہے،اپوزیشن کو پریشرائز کرنے کیلئے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں،عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے پی ڈی ایم کا جلسہ ہوگا۔