احمد بشیر بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھانے کا شوقین

50

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں شریک سینٹرل پنجاب کی فائنل 4میں پہنچنے کی امیدوں کو روشنی دکھانے والے فاسٹ بولر احمد بشیر سابق فرسٹ کلاس کرکٹر بشیر حیدرکے پوتے ہیں۔بشیر حیدر نے 1960 سے1970 مشتمل رہنے والے اپنے کرکٹ کیرئیر میں 39فرسٹ کلاس میچز کھیلے۔ اس دوران انہوں نے78وکٹیں حاصل کیں۔دادا کی فاسٹ بولنگ سے متاثر ہوکر احمد بشیر بھی اس کھیل میں اپنی قسمت آزمانے وہاڑی سے لاہور پہنچ گئے۔24 سالہ نوجوان فاسٹ بولر نے اکتوبر 2010 سے شروع ہونے والے پی سی بی پیپسی کرکٹ اسٹارز انڈر16 ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ لاہور انڈ16 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرکے اپنے نئے سفر کا آغاز کیا۔ٹورنامنٹ کے 5 میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کرنے والے احمد بشیر کے علاوہ اس ایونٹ میں خوشدل شاہ، ظفر گوہر اور دانش عزیز جیسے کھلاڑی بھی شرکت کررہے تھے۔بین الاقوامی سطح پر پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کا خواب سجائے احمد بشیر کا کہنا ہے کہ وہ دنیا کے بہترین بولر بننا چاہتے ہیں، دادا کے ساتھ کرکٹ میدانوں کا رخ کرنے سے کھیل کا شوق پیدا ہوا اور اب اس شوق کو پایہ تکمیل تک پہنچنا ہدف بنالیاہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں معیاری کلب کرکٹ کھیلنے کی غرض سے انہوں نے اپنا آبائی شہر کو چھوڑ کر لاہور میں سکونت اختیار کی، پہلے لاہور کی انڈر16 اور پھر انڈر19 ٹیموں میں بہتر کارکردگی کی بدولت پاکستان انڈر19کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔26 فرسٹ کلاس اور 28 لسٹ اے میچوں میں بالترتیب 112 اور 41 وکٹیں حاصل کرنے والے احمد بشیر کو احسان عادل کی جگہ سینٹرل پنجاب کی فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا۔